Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

آئی سی سی کی بھارتی کرکٹ بورڈ کو دھمکی

اپ ڈیٹ 28 مئ 2020 08:05am

: بھارت کو آئندہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی بچانے کے لالے پڑ گئے، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آئندہ سال میزبانی واپس لینے کی دھمکی دے دی۔

بھارت کی آئندہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی خطرے میں پڑ گئی، آئی سی سی نے ٹیکس استثنیٰ کے معاملے پر بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کو میزبانی سے محروم کرنے کی دھمکی دے دی۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کو حکومت کی جانب سے ٹیکس استثنیٰ پر 18 مئی تک غیرمشروط تصدیق فراہم کرنا تھی جس میں وہ ناکام رہا۔

آئی سی سی نے بھارت کو دھمکی دی ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی واپس لینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں، بی سی سی آئی نے کرونا کے باعث ڈیڈ لائن میں 30 جون تک توسیع کی درخواست کی تھی جسے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے مسترد کردیا تھا۔

آئی سی سی نے بی سی سی آئی سے کہا تھا کہ وہ 2016 کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے دوران 2018 ٹیکسوں میں کٹوتیوں کی تلافی کرے، بی سی سی آئی کو 23 ملین امریکی ڈالر کی رقم ادا کرنے کو کہا گیا تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی ٹورنامنٹس کے سرکاری براڈ کاسٹرز، اسٹار ٹی وی نے آئی سی سی کو اپنی ادائیگی سے ٹیکسوں میں کٹوتی کی تھی چونکہ اس کی قیمت عالمی انتظامیہ کو اٹھانا پڑی لہٰذا وہ اب چاہتے ہیں کہ بی سی سی آئی اس کی تلافی کرے۔